وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات بیان کردیں۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں ردوبدل کی سمری اوگرا سے آئی۔
پریس کانفرنس میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرول کا معاملہ آٹو میٹک ہے، یہ اوگرا سے آتا ہے، ہم نے تو ٹیکس بڑھایا نہ کم کیا، اوگرا کی جانب قیمتوں کو ہم نے وزیراعظم کو بھیجا جسے انہوں نے منظور کرلیا۔
مفتاح اسماعیل نے اپنے بیان سے متعلق بھی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ نہیں کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھے گی، بلکہ یہ کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس نہیں لگاؤں گا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا گزشتہ دنوں ڈالر 235 پر تھا تو ہم نے پیٹرول تین روپے سستا کیا تو کسی نے نہیں پوچھا، اب اگلا ہدف مہنگائی کم کرنا ہے جس میں پیٹرول اور ڈیزل نیچے لانا ہدف ہے۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام شروع ہوچکا ہے اور اسی ماہ آئی ایم ایف بورڈ سے میٹنگ ہوجائے گی جس کے بعد ہمیں پیسے مل جائیں گے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ڈالر 17 جولائی کے بعد ہمارے کنٹرول سے نکل گیا تھا، ہم نے ڈالر کو 239 روپے پر کنٹرول کرنا شروع کیا لیکن اب ڈالر نیچے آرہا ہے، میں پہلے بھی کہتا تھا کہ درآمد کم ہوگی تو روپیہ مضبوط ہوگا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے غیرضروری اشیاء کی درآمد پر پابندی لگائی ہے، 10 فیصد ایکسپورٹ نہ کرنے والوں پر اضافی ٹیکس لاگو کریں گے، ہمارے پاس اب ڈالر کی آمد زیادہ اور اخراج کم ہے۔