پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ میچز کے دوران عوام کی سہولت کے مدنظر ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے جاری کردہ پلان کے مطابق حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم تک آنے والی سڑک تمام قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہے گی۔ اسٹیڈیم کی اطراف کی گلیوں میں آمدورفت بند رہے گی۔
میچز کے دوران سرشاہ سلیمان روڈ کے علاوہ ملینیئم مال سے اسٹیڈیم ، کارساز سے حسن اسکوائر اور نیوٹاؤن سے اسٹیڈیم آنے والی روڈ پر چھوٹی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ اسٹیڈیم کی جانب آنے والی تمام سڑکیں ہیوی ٹریفک کیلئے مکمل بند رہیں گی۔
اسٹیڈیم میچز دیکھنے والے عوام افراد کیلئے ملینیئم مال سے متصل غریب نواز گراؤنڈ میں پارکنگ کے انتظامات کئے گئے ہیں جہاں سے شائقین کو شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔
وی آئی پیز کیلئے نیشنل کوچنگ سینٹر سے متصل چائنہ گراؤنڈ کو پارکنگ کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم آنے والے افراد کو شناخت ثابت کرنے کیلئے اصل شناختی کارڈ اور بک می سے خریدہ گیا ٹکٹ لازمی ساتھ رکھنا ہوگا۔
میچ ٹکٹ کی موبائل فون میں لی گئی تصویر یا اسکرین شاٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔ انتظامیہ نے شائقین کو لمبی قطاروں سے بچنے کیلئے وقت سے پہلے اسٹیڈیم پہنچنے کا مشورہ دیا ہے۔
اسٹیڈیم آنے والے کسی بھی شخص کو آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، کوئی بھی تیز دھار مواد جیسے چاقو اور دھات یالکڑی اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہے
کسی بھی بینر/پوسٹر/پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے۔ کرکٹ شائقین کو گراؤنڈ اور ساتھی تماشائیوں پر کسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پولیس نے پاک نیوزی لینڈ میچز کیلئے جامع سیکیورٹٰ پلان بھی ترتیب دے دیا ہے۔ سیکیورٹی پلان سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے مرتب کیا گیا جسکی گزشتہ روز فل ڈریس ریہرسل بھی کی گئی۔
مجموعی طورپر 3500 سے زائد پولیس اہلکارسیکیورٹی پرمامورہوں گے۔ ایس ایس یو کے 850 کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز سمیت سیکیورٹی ڈویژن کے 1500 اہلکار تعینات ہوں گے۔
ٹریفک پولیس کے 1537 اور اسپیشل برانچ کے 394 اہلکار تعینات ہوں گے۔ اہلکار نیشنل بینک کرکٹ ایرینا، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گراؤنڈز، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف مقامات پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔
ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈاینڈکنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے اسٹیڈیم پرتعینات ہوں گے۔ اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلینڈر نصب گاڑیوں کے داخلے اور ڈرون کیمروں کے استعمال پرسخت پابندی ہے