پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کل بروز پیر 2 جنوری سے کھیلا جائے گا۔ میچ سے قبل آج قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے آرام کیا لیکن سرفرازاحمد نے اکیلے ٹریننگ کو ترجیح دی۔
دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کا کوئی پریکٹس سیشن شیڈول نہیں تھا لیکن وکٹ کیپر بیٹر سرفرازاحمد نیشنل بینک کرکٹ ایرینا (نیشنل اسٹیڈیم) پہنچ گئے۔
ہیڈکوچ ثقلین مشتاق ، بیٹنگ کوچ محمدیوسف بھی اسٹیڈیم پہنچے اور تینوں نے سب سے پہلے دوسرے ٹیسٹ کیلئے تیار کی جانے والی پچ کا معائنہ کیا۔
سرفرازاحمد نے فیلڈنگ کوچ عبدالمجید کے ساتھ نیٹس پر وکٹ کیپنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔ سرفرازاحمد نے اسپن اور فاسٹ باؤلنگ دونوں کیلئے پریکٹس کی۔
سرفرازاحمد کا نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں تقریباً 4 سال کے طویل عرصے بعد کم بیک ہوا تھا۔ سرفرازاحمد نے دونوں اننگز عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم وکٹ کیپنگ کے دوران چند کیچز اور اسٹمپ مس ہوئے تھے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑیوں کا آج پریکٹس سیشن شیڈول تھا اور مہمان ٹیم نے شیڈول کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔