ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی امیدیں اب بھی برقرار ہیں اور اسکی وجہ کینیڈا کے خلاف کامیابی ہے۔ لیکن کینیڈا جیسی ٹیم کے خلاف بھی پاکستان یکطرفہ میچ تو دور ایک چھوٹے ہدف کے لئے سخت جدوجہد کرتا نظرآیا۔
نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں پاکستان اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان میدان سجا تو ٹاس پر قسمت ایک بار پھر بابراعظم پر مہربان ہوئی اور کپتان نے کینیڈا کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کینیڈا کے اوپنر آرون جانسن نے پہلے ہی اوور سے مار دھاڑ شروع کردی لیکن جانسن کو دوسرے اینڈ سے سپورٹ نہ مل سکی۔ محمدعامر نے 20 کے اسکور پر پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی اور اسکے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔
ایک اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں تو دوسرے اینڈ سے جانسن رنز بھی بناتے رہے اور پاکستان کے تمام ہی باؤلرز ان کے نشانے پر رہے۔ جانسن نے نصف سینچری کی لیکن اسکے بعد بلاآخر نسیم شاہ نے جانسن کی وکٹیں اڑادیں۔ جانسن نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔
کینیڈا کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 106 رنز تک پہنچ سکی۔ پاکستان کے محمدعامر نے 13 رنز کے عوض 2 جبکہ حارث رؤف نے 26 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ اور نسیم شاہ نے ایک ایک آؤٹ کیا جب کہ ایک وکٹ پاکستان کو رن آؤٹ کے بدولت ملی۔
کینیڈا کے خلاف پاکستان کی نئی اوپننگ جوڑی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب اور محمدرضوان کی جوڑی بھی کامیاب ثابت نہ ہوئی۔ صائم ایوب 12 گیندوں پر 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
صائم کے آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم محمدرضوان کا ساتھ دینے کےلئے میدان میں آئے اور دونوں نے انتہائی محتاط بلے بازی کرکے اسکور آگے بڑھایا۔ بابراعظم اور محمدرضوان کے درمیان 63 رنز کی شراکت ہوئی۔
بابراعظم 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ فخرزمان 4 رنز کے مہمان رہے۔ محمدرضوان آخری تک وکٹ پر رہے۔ انہوں نے نصف سینچری کی اور 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے 107 رنز کا ہدف 17.3 اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا۔ محمدعامر کو شاندار باؤلنگ پر پلیئرآف دا میچ قرار دیا گیا۔
اس جیت کے بعد نہ صرف پاکستان کا پوائنٹس ٹیبل پر کھاتہ کھل گیا بلکہ سپرایٹ میں رسائی کی امیدیں بھی برقرار رہیں۔ پاکستان 2 پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے میں تیسری پوزیشن پر آگیا ہے۔
گروپ اے میں بھارت اور امریکا کی ٹیمیں چار چار پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ کینیڈا کی چوتھی اور آئرلینڈ کی پانچویں پوزیشن ہے۔
پاکستان کا ورلڈکپ میں اب اگلا میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف ہے لیکن اس میچ سے پہلے پاکستان کو امریکا کے میچز پر نظررکھنی ہے۔ امریکا کو بھارت اور آئرلینڈ کے خلاف میچ کھیلنے ہے اور پاکستان کو ان دنوں میچز میں امریکا کے ہارنے کی امید کرنی ہے۔
امریکا کے ایک میچ بھی جیتنے یا پھر بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے کی صورت میں بھی پاکستان ورلڈکپ سے باہر ہوجائے گا اور امریکا سپرایٹ میں پہنچ جائے گا۔
امریکا اپنے دونوں میچ ہارا اور پاکستان نے اپنے آخری میچ میں آئرلینڈ کو ہرایا تو پھر پاکستان اور امریکا دونوں کے چار چار پوائنٹ ہوں گے اور دونوں ٹیموں میں سے بہتر رن ریٹ والی ٹیم سپرایٹ کے لئے کوالیفائی کرجائے گی۔