پاکستان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ پاکستان نے ورلڈکپ کے سپر12 راؤنڈ کے اہم میچ میں بنگلہ دیش کو شکست کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 127 رنزبنائے۔ نجم الحسین شانتو 54 رنزبناکر نمایاں بیٹر رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان نے 2، حارث رؤف اور افتخار احمد نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں محمدرضوان اور بابراعظم نے انتہائی محتاط آغاز کیا اور سست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اعشاریہ 3 اوورز میں 57 رنز کا آغاز دیا۔ بابراعظم 33 گیندوں پر 25 اور محمدرضوان 32 گیندوں پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
محمدنواز 4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ محمدحارث نے 18 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ افتخاراحمد ایک رن بناسکے۔ پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔
میچ میں کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے 5 میں سے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی۔
قومی ٹیم کو بھارت اور زمبابوے سے شکست ہوئی جسکے بعد گرین شرٹس نے نیدرلینڈز، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔