سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف بلامقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے۔ راجا پرویز اشرف قومی اسمبلی کے 22ویں اسپیکر بنے ہیں اور ایاز صادق نے ان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر دونوں کے مستعفی ہوجانے کی وجہ سے اجلاس کی صدارت پینل آف چیئرپرسن میں شامل مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کی۔
ایاز صادق نے اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں آئٹم نمبر 5 پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے صرف راجا پرویز اشرف واحد امیدوار تھے جن کے تجویز کنندگان خورشید شاہ اور نوید قمر تھے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ بھی شامل تھی جو ان کے مستعفی ہونے کی وجہ سے اب نہیں ہوسکے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے صرف پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے راجا پرویز اشرف نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے یوں وہ بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔
راجہ پرویز اشرف کے اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنماؤں نے انہیں مبارکباد دی اور اسپیکر کے عہدے عزت اور آئین کے مطابق ایوان چلانے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔