امریکا نے پاکستان کے جوہری اثاثوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سیکیورٹی پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا امریکا پر امن اور مستحکم پاکستان کا خواہاں رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے متعلق بیان پر وضاحت دے دی۔
نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سیکیورٹی سے مطمئن ہیں ، پاکستان عالمی برادری سے اپنے وعدے پورے کر رہا ہے۔
ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ امریکا کو پاکستان کی جوہری اثاثوں کی حفاظت کی صلاحیت اور عزم پر اعتماد ہے، پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم ایک مضبوط شراکت داری کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور اس کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا پرامن اورمستحکم پاکستان کاخواہاں رہا ہے کیونکہ محفوظ اور خوشحال پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے، جس کے لیے امریکہ نے ہمیشہ تعاون کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے غیر محفوظ ہونے کا بیان دیا تھا جس پر پاکستان نے امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ڈی مارش دیا تھا، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرخارجہ نے بھی شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔