نوجوانان مہاجر کی مرکزی کابینہ نے مہاجرثقافت دن منانے کی تیاریاں شروع کردیں،نوجوانان مہاجر کی مرکزی کابینہ نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بھی بتادیں۔
نوجوانانِ مہاجر کی مرکزی کابینہ کی جانب سے کراچی پریس کلب پر مہاجر ثقافتی دن کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کی گئی جس میں مرکزی آرگنائزر زوہیب اعظم کا کہنا تھا کہ ثقافتی دن کی بنیاد ہم نے 2020 میں میں مکمل طور پر غیرسیاسی بنیادوں پر رکھی ۔
اس دن کو کراچی کے نوجوانوں نے بغیر کسی سماجی معاشی فائدے، بغیر کسی سیاسی، سماجی و معاشی حمایت کے مکمل غیر جانبداری کے ساتھ منایا۔ الحمدللہ آج تیسرا سال ہے اور مہاجر ثقافتی دن منانے کی دھمک کرم آباد سے نکل کر ساری دنیا میں پھیل گئی ہے۔
زوہیب اعظم کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ 24 دسمبر کو پاکستان سمیت دنیا کے 17 ممالک میں نوجوانانِ مہاجر کے پلیٹ فارم سے ثقافت کا دن منایا جائے گا۔زوہیب اعظم نے بتایا کہ ریلی یکجہتی کی علامت ہوتی ہے اور ثقافتی دن منانے کیلئے ایک ہفتہ پہلے سے ثقافتی تقاریبات کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں 17 دسمبر کو مرکز اسلامی میں مشاعرہ منعقد کرایا گیا۔
اس کے بعد مختلف جامعات میں تقاریبات کا سلسلہ جاری و ساری ہے جبکہ 23 دسمبر بروز جمعہ کی شب مرکز اسلامی عائشہ منزل میں شب ثقافت منائی جائے گی جس میں قوالی، چہار بیت اور مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں ۔
چوبیس دسمبر کومہاجر ثقافت کے دن کریم آباد سے مزار قائد تک ایک عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی جس میں کراچی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی ۔
ریلی کا مقصد صرف اور صرف ثقافتی دن منانا ہوگا اس ریلی میں کوئی نوجوان سیاسی پرچم نہیں اٹھائے گا اور نہ ہی کوئی سیاسی لسانی یا مذہبی نعرے بازی کرے گا۔
آرگنائزنگ کمیٹی میں شامل حسن خان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے ثقافتی دن منانا شروع کیا تب ہم بالکل تنہا تھے لیکن آج تمام سیاسی و سماجی حلقوں میں 24 دسمبر مہاجر ثقافتی دن کو ناصرف حمایت حاصل ہے بلکہ آج تمام آدبی، سیاسی و سماجی حلقوں میں اس دن کو منانے کے لیے پر عزم دکھائی دے رہے ہیں جوکہ قوم کے مفاد میں خوش آئند ہے۔
حسن خان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں خوشی اس بات کی ہے کہ جس دن کی بنیاد نوجوانانِ مہاجر نے آج سے تقریبا 3 سال پہلے رکھی اور مہاجروں کے ثقافتی دن 24 دسمبر کو منانا شروع کیا وہ ناصرف آدبی حلقوں بلکہ دنیا بھر میں منایا جائے گا۔