Search
Close this search box.
Uncategorized @ur

پاکستان جیتی بازی ہار گیا، بھارت کے خلاف پھر شکست، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گرین شرٹس کا سفر ختم؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیویارک کا میدان بھی شاہینوں کی قسمت نہ بدل سکا۔ گرین شرٹس نے سورماؤں کے سامنے بھی ہتھیار ڈال دئے۔۔ مسلسل دو شکستوں کے بعد پہلے ہی راؤنڈ سے واپسی تقریباً پکی ہوگئی لیکن ایک چانس اب بھی باقی ہے۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستانی ٹیم ٹاس جیتی اور بھارتی بلے بازوں کو بیٹنگ کیلئے میدان پر اتار دیا۔۔۔

پاکستانی باؤلرز نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ نسیم شاہ نے دوسرے ہی اوور میں کوہلی کو پویلین بھیجا تو شاہین شاہ نے روہت شرما کا قصہ تمام کیا۔۔

ابتدائی دو وکٹیں جلد گرگئیں لیکن بھارتی بلے بازوں نے رنز بنانے کی رفتار کو بریک نہ لگائے۔ اکشرپٹیل نے بیس اور رشپ پنت نے 42 رنز بنائے۔  11 اوورز میں بھارت نے 89 رنز بنالئے تھے اور انکے 3 آؤٹ تھے لیکن پھر پاکستانی باؤلرز قہر بن کر ٹوٹے اور بھارت کی پوری بیٹنگ لائن 119 رنز پر سمٹ گئی۔

نسیم شاہ اور حارث رؤف نے تین تین آؤٹ کئے۔ محمدعامر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ 

پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو 120 گیندوں پر 120 رنز بنانے تھے۔ دوپہر ہوچکی تھی، بادل چھٹ چکے تھے اور دھوپ چمچمارہی تھی۔

لیکن بیٹنگ کے لئے سازگار ہوتی کنڈیشنز کے باوجود پاکستانی بلے باز ڈر ڈر کر کھیلتے رہے۔ باؤنڈریز تو دور سنگل ڈبل کے لئے بلے باز جدوجہد کرتے نظر آئے۔

اوورز گزرتے گئے رن ریٹ بڑھتا گیا اور حد یہ ہوئی کہ پاکستان سے 120 رنز کا ہدف بھی حاصل نہ ہوا۔ قومی بلے باز 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 113 رنز تک ہی پہنچے۔

محمدرضوان نے 44 گیندوں پر  31 رنز بنائے، عمادوسیم نے 23 گیندوں پر 15 رنز بنانے کی زحمت کی۔ عثمان خان 15 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ بابراعظم نے 10 گیندوں پر 13، فخرزمان نے 8 گیندوں پر 13 اور شاداب خان نے 7 گیندوں پر 4 رنزبنائے۔ افتخاراحمد 9 گیندوں پر 5 رنز بناسکے۔

بھارت کے جسپریت بمراہ نے 3 اور ہاردک پانڈیا نے 2 آؤٹ کئے۔ ارشدیپ سنگھ اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ لی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم مسلسل 2 میچ ہارنے کے بعد گروپ راؤنڈ سے باہر ہونے کے در پر ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔

گروپ اے میں بھارت اور امریکا کی ٹیموں کے 4 ، 4 پوائنٹس ہیں لیکن رن ریٹ کی بنیاد پر بھارت کا پہلا اور امریکا کا دوسرا نمبر ہے۔ کینیڈا کی ٹیم 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان چوتھے اور آئرلینڈ پانچویں نمبر پر ہے۔ دونوں کا ابھی کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔

پاکستان کا ابھی کینیڈا اور آئرلینڈ کی ٹیموں سے میچ باقی ہے۔ گرین شرٹس کو اگلے مرحلے میں رسائی کے لئے پہلے تو اپنے یہ دونوں میچز اچھے مارجن سے جیتنے ہوں گے اور پھر دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

پاکستانی ٹیم کو امید کرنی ہوگی کہ امریکا کی ٹیم بھارت اور آئرلینڈ کے خلاف اپنے دونوں میچ ہار جائے۔ دنوں میں سے ایک بھی میچ امریکا جیتا یا بارش کی وجہ سے میچ منسوخ بھی ہوا تو پاکستان ایونٹ سے باہر ہوجائے گا۔

اگر امریکا دونوں میچ ہارا اور پاکستان اپنے دونوں میچ جیتنے میں کامیاب ہوا تو پاکستان اور امریکا دونوں کے 4 ، 4 پوائنٹس ہوں گے اور بہتررن ریٹ والی ٹیم سپرایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرے گی۔

جواب دیں

Subscribe To Our Mailing List

Get the news right tn your inbox

Subscription Form Footer Style-2

کمپنی کے بارے میں

مقبول زمرے

فوری رابطے

X

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں