Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں نیا کیا ہے؟ میگاایونٹ میں پاکستان کا مقابلہ کس کس ٹیم سے ہوگا؟

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا عالمی میلہ ایک بار پھر سجنے کو تیار ہے۔ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکا بھی عالمی کپ کی میزبانی کرے گا۔ امریکا اور ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے مشترکہ میزبان ہیں۔

پہلی مرتبہ کون کونسی ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی؟

جہاں ایک جانب امریکا پہلی مرتبہ ورلڈکپ کی میزبانی کررہا ہے وہیں اس بار ورلڈکپ میں بہت کچھ پہلی مرتبہ ہوتا نظرآئے گا۔ آئی سی سی نے اس بار ورلڈکپ کا فارمیٹ بھی نیا بنایا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں بیس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یوگینڈا کی ٹیم پہلی مرتبہ کسی آئی سی سی کے عالمی ایونٹ میں ان ایکشن دکھائی دے گی۔ یوگینڈا نے ٹی20 ورلڈکپ کا کوالیفائر جیت کر میگاایونٹ کیلئےکوالیفائی کیا تھا۔

کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے میگاایونٹ تک پہنچنے والی کینیڈا کی ٹیم بھی پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کا عالمی کپ کھیلے گی۔  امریکا کی ٹیم بھی پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی کپ کھیلے گی۔ امریکا کو میزبان ہونے کے ناطے میگاایونٹ میں جگہ ملی ہے۔ 

 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کا فارمیٹ کیا ہے؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کیلئے آئی سی سی نے نیافارمیٹ بنایا ہے۔ میگاایونٹ کی 20 ٹیموں کو 5، 5 ٹیموں کے چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستان کی ٹیم گروپ اے میں شامل ہے۔ پاکستان کی روایتی حریف بھارت، کینیڈا، آئرلینڈ، امریکا کی ٹیمیں بھی گروپ اے کا حصہ ہیں۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نمیبیا، اومان اور اسکاٹ لینڈ کو رکھا گیا ہے۔

گروپ سی میں افغانستان، نیوزی لینڈ، پاپوانیوگنی، یوگینڈا اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں بنگلہ دیش، نیپال، نیدرلینڈز، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں موجود ہیں۔

چاروں گروپس سے ٹاپ کی دو دو ٹیمیں سپرایٹ راؤنڈ میں پہنچیں گی۔ گروپ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد سپرایٹ راؤنڈ میں 8 ٹیموں کو چار چار کے مزید دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ 

ان دونوں گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی جسکے بعد سیمی فائنل جیتنے والی ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کھیلا جائے گا۔

ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کا شیڈول کیا ہے؟

گروپ اے میں شامل پاکستانی ٹیم ورلڈکپ میں اپنی مہم کا آغاز 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف میچ سے کرے گی۔ ڈیلاس میں شیڈول یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔

نو جون کو پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ نیویارک میں ہوگا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 7 بجے کھیلا جائے گا۔ 11 جون کو گرین شرٹس نیویارک میں ہی کینیڈا کے مدمقابل ہوں گے۔ یہ میچ بھی رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

پاکستانی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف امریکی شہر لاؤڈرل میں کھیلے گی۔ قومی ٹیم کا یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔ 

 

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts