Search
Close this search box.
Uncategorized @ur

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا بڑا اپ سیٹ، پاکستان کو امریکا کے خلاف سپراوور میں شکست

امریکی شہر ڈیلاس کا گرینڈ پریری اسٹیڈیم پاکستانی ٹیم کے لئے ڈراؤنا خواب بن گیا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا۔

میزبان امریکا کے خلاف قومی ٹیم کے پہلے بیٹنگ آئی تو پاور پلے میں ہی قومی ٹیم کی تیاریوں کی قلعی کھل گئی۔ 6 اوورز میں صرف 30 رنز بنے اور 3 وکٹیں گنوادیں۔

محمدرضوان 9، عثمان خان 3 اور فخرزمان 11 رنز کے مہمان رہے۔ ابتدائی وکٹیں جلد گریں تو بابراعظم خول میں چلے گئے اور سست رفتاری سے بیٹنگ کی۔ کپتان نے 43 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔

شاداب خان 40 رنز بناکر ہمت ہارے۔ اعظم خان آئے ، کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی اور واپس چلتے بنے۔ گرتے پڑتے قومی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 159 رنز تک پہنچی۔

یوایس اے کی بیٹنگ آئی تو کچھ دیر باؤلرز کے لئے سازگار نظر آنے والی پچ بیٹنگ کے لئے سازگار ہوگئی۔ میزبان بلے باز پراعتماد انداز میں قومی باؤلرز کی گیندوں کو باؤنڈری پار لگاتے رہے۔

یوایس اے کی ٹیم آغاز سے ہی حاوی رہی لیکن محمدعامر کے 19 ویں اوور نے اچانک میچ میں سنسنی خیزی پیدا کی۔ عامر نے اس اوور میں صرف 6 رنز دئے اور آخری اوور میں یوایس اے کو جیت کیلئے 15 رنز بنانے تھے۔

حارث رؤف نے ابتدائی 3 گیندوں پر صرف 3 رنز دئے لیکن پھر لائن اور لینتھ بھول گئے۔ حارث رؤف نے پہلے چھکا کھایا پھر سنگل دیا اور آخری گیند پر چوکا کھا کر میچ برابر کرادیا۔

سپراوور میں محمدعامر نے 18 رنز دے دئے جس میں ناقص فیلڈنگ کا بہت بڑا کردار رہا۔ سپر اوور میں 19 رنز کا ہدف پاکستان کیلئے پہاڑ ثابت ہوا اور قومی ٹیم 13 رنز بناسکی۔

یوایس اے سے شکست کے بعد پاکستان کا سپر ایٹ راؤنڈ میں پہنچنا بھی مشکل ہوگیا۔ پاکستان کو بقیہ میچ میں ابھی بھارت، کینیڈا اور آئرلینڈ سے کھیلنا ہے۔ جبکہ یوایس اے کی ٹیم اپنے ابتدائی دو میچ جیت چکی ہے۔ جبکہ یوایس اے کا ابھی آئرلینڈ سے بھی میچ باقی ہے۔

مطلب پاکستان کو سپرایٹ میں رسائی کیلئے اب ایک بار پھر بقیہ میچز جیتنے کے ساتھ ساتھ قدرت کے نظام کا انتظار ہے۔ بصورت دیگر گرین شرٹس کا پہلے ہی راؤنڈ سے واپسی کا ٹکٹ کٹ جائے گا۔

اس میچ سے قبل پاکستان کی امریکا میں سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے تو پاکستانی ٹیم میچ کیلئے کوئی خاص تیاریاں ہی نہ کرسکی۔ ڈیلاس میں بارشوں کے باعث کھلاڑیوں کو ایک طرف پریکٹس نہ ملی تو کھلاڑیوں کی توجہ بھی دیگر سرگرمیوں میں مصروف رہی۔ کھلاڑی امریکا میں مختلف ڈنرز میں شرکت کرتے رہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کا مستبقل کیا ہوگا ؟ اس کا فیصلہ اب آنے والے میچز میں قومی ٹیم کے اپنی کارکردگی کے ساتھ ساتھ دوسری ٹیم کی کارکردگی پر ہوگا۔

 

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لئے ٹائمز آف کراچی پر بنایا گیا کانٹینٹ شیل پاکستان لمیٹڈ کےتعاون سے تیارکیا گیا ہے۔

جواب دیں

Subscribe To Our Mailing List

Get the news right tn your inbox

Subscription Form Footer Style-2

کمپنی کے بارے میں

مقبول زمرے

فوری رابطے

X

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں