سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ سیمی فائنل میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک رن سے شکست دی۔ فائنل میں سری لنکا کا مقابلہ بھارت کے ساتھ ہوگا۔
بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں کھیلے جارہے ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 122 رنز بنائے۔
سری لنکا کی ہرشیتا سماراوکراما 35 اور انشکا سنیجوانی 26 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی نشرہ سندھو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان ویمن ٹیم منزل کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی۔ قومی ویمن ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 121 رنز بناسکی۔ آخری اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 9 رنز درکار تھے لیکن سری لنکن باؤلر نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمنکار کیا۔
کپتان بسمہ معروف نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ ندا ڈار نے 26 رنز بنائے۔ شکست کے بعد پاکستان ویمن ٹیم کا فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔