وزیراعظم شہبازشریف نے 306 کلو میٹر طویل ایم 6 حیدرآباد سکھر موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبے پر 3 کھرب 7 ارب روپے لاگت آئے گی۔
منصوبے کے افتتاح کیلئے وزیراعظم شہبازشریف آج سکھر پہنچے ، جہاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی اور حیدرآباد سکھر موٹروے ایم 6 کا سنگ بنیاد رکھا۔ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 30 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ، وفاقی وزیرآئی ٹی امین الحق سمیت وفاقی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ پوسٹل سروس اسد محمودموجود تھے۔
ترجمان این ایچ اے کے مطابق منصوبے پر 307ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی جس پر 15 انٹر چینج، دریائے سندھ پر ایک بڑا پُل، 19 انڈر پاس اور 6 فلائی اوورز تعمیر کیے جائیں گے۔
موٹروے کے دونوں اطراف 50 کلومیٹر کے فاصلے پر 10 سروس ایریاز تعمیر ہوں گے، یہ موٹر وے جام شورو، حیدرآباد، مٹیاری، بے نظیر آباد، نوشہرو فیروز، خیر پور اور سکھر کے اضلاع سے گزرے گی۔
سکھر حیدر آباد موٹروے پشاور کراچی موٹروے کا آخری حصہ ہے، اس منصوبے کے بعد پاکستان کے تمام بڑے شہر موٹرویزسے منسلک ہوجائیں گے۔