وزیراعلی شہباز شریف نے ایک روزہ دورہ کراچی کے دوران وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے شہباز شریف کو کراچی سرکلر ریلوے سمیت متعدد منصوبوں پر بریفنگ دی۔
وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا کہ کراچی کی ٹریفک کا مسئلہ اور بی آر ٹی سروس کی کامیابی کے سی آر پر منحصر ہے۔ وفاقی حکومت نے کے سی آر پروجیکٹ 201 ارب روپیہ کی لاگت سے پی پی پی موڈ پر منظور کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو درخواست کی کہ کے سی آر کو سی پیک کے تحت تعمیر کیا جائے۔ آپ نے سی پیک کو تیز کرنے کا عہد کیا ہے اس لئے کے سی آر سمیت سندھ کے منصوبے سی پیک میں شامل کیے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلی سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ کراچی سرکلر منصوبے کو سی پیک میں شامل کیا جائے گا اور اس ضمن میں چینی حکام سے بات کی جائے گی جسکے بعد کے سی آر کو سی پیک کے تحت شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کراچی سرکلر منصوبہ طویل عرصے سے تعطل کا شکار ہے۔ عمران خان کے دور حکومت میں بھی کے سی آر منصوبہ کو فعال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن مکمل کامیابی حاصل نہیں کی جاسکی۔