وزیراعظم شہباز شریف پانچ روزہ دورہ پر چین کے شہر شینزن پہنچے، جہاں سے انہوں نے اپنا پہلا پیغام بھی جاری کر دیا ہے۔ ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف کا اعلیٰ چینی حکام اور پاکستانی سفیر نے استقبال کیا، اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چینی قیادت کی دعوت پر اپنے پہلے سرکاری دورے پر شینزن پہنچا ہوں ، شہر کے افق اور ترقی سے بہت متاثر ہوا جو جدید چین کی عکاس ہے۔
اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکام کے ساتھ مصروفیات کے لئے پُرجوش ہوں، شینزن کی کاروباری اور صنعتی شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کروں گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شینزن کے بعد صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور دیگر چینی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کے لئے بیجنگ جاؤں گا۔