قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ اختتامی مراحل کی جانب گامزن ہے۔ میگاایونٹ کے ایک فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ ہوچکا ہے جبکہ دوسرا سیمی فائنل آج فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلا جائے گا۔
قطر کے شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں فٹبال ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپیئن فرانس اور بلند حوصلہ مراکش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔
فٹبال ورلڈکپ کی تاریخ میں مراکش اور فرانس کی ٹیمیں پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔ اس سے قبل کبھی بھی دونوں کے درمیان میچ نہیں کھیلا گیا۔
مراکش کی ٹیم فٹبال ورلڈکپ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ گروپ مرحلے میں مراکش نے کروشیا کے خلاف میچ ڈرا کیا تھا جبکہ بیلجیئم اور کینیڈ کو شکست دی تھی۔ راؤنڈ آف سکسٹین میں اسپین جبکہ کوارٹرفائنل میں پرتگال جیسی بڑی ٹیمیں مراکش کے خلاف ناکام رہیں۔
حیران کن طور پر مراکش کے خلاف پورے ٹورنامنٹ میں اب تک ایک بھی گول نہیں ہوا ہے۔ کینیڈا کے خلاف میچ مراکش کے اپنے ہی پلیئر کے اون گول کے باعث صرف ایک بار گیند جال میں پہنچی۔ کوئی بھی حریف پلیئر مراکش کے گول پوسٹ میں گیند نہیں پہنچاسکا۔
دوسری جانب فرانس نے بھی اب تک ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کیا ہے۔ گروپ مرحلے میں فرانس کو تیونس کے خلاف ناکامی ضرور ہوئی تھی لیکن مجموعی طور پر فرانس کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔
فرانس کے کلیئن ایمباپے 5 گولز کے ساتھ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں میں شامل ہیں۔ ارجنٹائن کے لیونل میسی کے بھی ایونٹ میں 5 گول ہیں۔ فرانس کے اولیویئر جیروڈ نے ورلڈکپ میں 4 گول کئے ہیں۔