پاکستان ریلوے نے ٹرین آپریشن آج سے مرحلہ وارشروع کردیا ، جس کے بعد کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا، نئے کرایوں کا اطلاق آج سے ہو گا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
پاکستان ریلویز کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی ایکسپریس کی اکانومی کلاس کا کرایہ 2350 سے بڑھا کر3000 روپے کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 5500 سے بڑھا کر 7000 اور اے سی سلیپر کا کرایہ 6500 سے بڑھا کر 9000 روپے کر دیا گیا ہے۔
قراقرم ایکسپریس کی اکانومی کلاس کا کرایہ 3000 اور اے سی بزنس کا 7000 روپے کر دیا گیا ہے۔ پاک بزنس ایکسپریس کی اکانومی کلاس کا کرایہ بڑھا کر 3000 روپے کردیا گیا ہے جبکہ اسی ٹرین کی اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ بڑھا کر 5000 روپے کر دیا گیا ہے۔
رحمان بابا ایکسپریس کی بزنس کلاس کا 9000 اور اکانومی کلاس کا کرایہ 3000 مقرر کیا گیا ہے جبکہ خیبر میل کا اے سے بزنس 11000، اے سی سلیپر 9000 اور اکانومی کا کرایہ 3000 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی کیلئے ٹرین آپریشن 5 اکتوبر کو بحال ہوگا۔