پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے والے انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر مارک ووڈ کھیل کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں کے مہمان نوازی سے بھی لطف اندوز ہورہے ہیں۔ مارک ووڈ کو پاکستان کے روایتی پکوان اور بالخصوص دال بہت پسند آئی ہے۔
مارک ووڈ نے جیو نیوز کو دئے گئے خصوصی انٹرویو میں دورہ پاکستان کے اپنے تجربے اور تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا۔
مارک ووڈ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے مداح ہیں۔ محمدحسنین بھی انہیں پسند ہیں۔ مارک ووڈ نے بتایا کہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں محمد حسنین اور حارث رؤف کی باؤلنگ دیکھ کر سیکھنے کی کوشش کی۔
حارث رؤف اور محمدحسنین کی طرح تیزترین باؤلنگ کرکے وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کی۔ مارک ووڈ نے کہا کہ وکٹ سے بھی مدد مل رہی تھی جسکا باؤلنگ کے دوران فائدہ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک روز قبل ہم نے باؤنسرز نہیں کرائیں، ہم راؤنڈ دا وکٹ نہیں آئے، فیلڈ پوزیشنز نہیں ٹرائی کیں، اس بار مختلف کرنے کا پلان بنایا۔
بابر اعظم اور رضوان زبردست پلیئرز ہیں، انہوں نے ایک روز قبل شاندار کھیلا، ہم نے یہی کوشش کی کہ اب کچھ مختلف کرنا ہے تاکہ کچھ مدد ملے اور خوش قسمتی سے ایسا ہی ہوا۔
مارک ووڈ پاکستان کی مہمان نوازی کے بھی معترف ہیں۔ مارک ووڈ نے کہا کہ پاکستان کے روایتی پکوان کھانے کا موقع ملا اور انہیں پاکستان کی دال بہت پسند آئی۔
انگلش فاسٹ باؤلر نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فینز کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے ایسا پرجوش ،شور مچاتا کراؤڈ کہیں نہیں دیکھا، یہاں بہت زبردست ماحول ہے۔
مارک ووڈ نے مزید بتایا کہ معین علی نے انہیں اردو کے دو لفظ بتائے ہیں، ایک ٹھیک ہے اور دوسرا کیسے ہو؟ ان کے مطلب نہیں معلوم لیکن امید ہے اور لفظ جلد سیکھ لیں گے۔