پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کا ریٹائرمنٹ سے متعلق خبروں پر ردعمل سامنے آگیا۔ فواد عالم نے ریٹائرمنٹ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے بے بنیاد قرار دیا ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق فواد عالم نے جیو نیوز کے نمائندے کو دئے گئے انٹرویو میں ریٹائرمنٹ سے متعلق تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، میری ریٹائرمنٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
واضح رہے چند روز قبل غیرملکی ویب سائٹ کرک بز نے اپنی ایک رپورٹ میں دعوٰی کیا تھا کہ پاکستانی کرکٹر فواد عالم نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ کر امریکا منتقل ہونے کا فیصلہ کیا ہے جہاں وہ مائنر لیگ کرکٹ میں شکاگو کنگزمین کی طرف سے مقامی کھلاڑی کے طور پر کھیلتے نظر آئیں گے۔
فواد عالم نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 2007 میں ابوظہبی میں سری لنکا کیخلاف میچ سے کیا تھا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے 38 ون ڈے مچز میں حصہ لیا جس میں 36 اننگز میں 40.25 کی اوسط سے 966 رنز بنائے۔
نکے ون ڈے کیریئر میں ایک سنچری اور 6 ففٹیز شامل ہیں، فواد عالم نے آخری بار 22 اپریل 2015 کو بنگلہ دیش کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں کھلایا گیا تھا۔
فواد عالم نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ بھی سری لنکا کیخلاف ہی 2009 میں کھیلا تھا جس میں انہوں نے سنچری کے ساتھ اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا لیکن بعد میں صرف دو میچز کے بعد انہیں ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا۔
گیارہ برس بعد فواد عالم کی ٹیم میں واپسی ہوئی اور انہوں نے بیک ٹوبیک میچز میں سینچریاں بنائیں تاہم گزشتہ برس ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ایک بار پھر انہیں ڈراپ کردیا گیا اور ابھی تک دوبارہ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
فواد عالم نے ٹیسٹ کیرئیر میں 19 میچز کی 30 اننگز میں 1011 رنزبنائے ہیں جس میں 5 سینچریاں اور 2 نصف سینچریاں شامل ہیں۔