ملک بھر میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 147 واں یومِ پیدائش عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن کی شکل میں عظیم تحفہ دینے والے قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔
قوم آج عقیدت و احترام سے ان کا یوم پیدائش منا رہی ہے جبکہ قومی اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جارہے ہیں۔ آج کے دن کا آغاز ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، ملک بھر کی اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جارہے ہیں۔
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد کے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب میں پاک فضائیہ کےکیڈٹس گارڈز کے فرائض پاکستان آرمی کے کیڈٹس کےحوالے کیے گئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل عمر عزیز تھے جنھوں نے گارڈز کا معائنہ کیا، اعزازی گارڈز نے مہمان خصوصی میجر جنرل عمر عزیز کو جنرل سلام پیش کیا اور مہمانوں کی کتاب پر تاثرات بھی قلمبند کیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قائد اعظم کی یوم پیدائش کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ ’قائداعظم نے اپنی مستقل قوت ارادی، واضح فکر اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا یکدم بدل دیا تھا، قوانین کی پاسداری سے ان کی قیادت نشان زد تھی‘۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ قائد اعظم کا ’اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط‘ کا نصب العین قوم کے لیے مشعل راہ کے طور پر کام کرتا ہے۔
پاکستان بھر میں عوام کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر قائد اعظم محمدعلی جناح کے یوم ولادت پر پیغامات دئے جارہے ہیں اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔