پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفٰی کمال نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہر وقت جھوٹ بولتے ہیں۔ وہ خود اپنے سب سے بڑے دشمن ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ عمران خان غیر ملکی چینلز پر بیٹھ کر ملک کی ایجنسیوں پر الزام لگا رہے ہیں، انہوں نے اپنے قتل کی سازش کا الزام ملک کے اہم لوگوں پر لگایا، اس سے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔
چیئرمین پی ایس پی کا کہنا ہے کہ حق اور سچ کو وقت پر بول دینا چاہیے، عمران خان ہر وقت جھوٹ بولتے رہے، کہا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے اور گئے، انہوں نے کہا 90 روز میں کرپشن ختم کر دیں گے، نہیں کی، جھوٹ بولا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عمران خان آپ آج بھی جھوٹ بول رہے ہیں، آپ نے 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعویٰ کیا تھا، وہ آج بھی اداروں پر بہتان لگا رہے ہیں، آپ نے کہا تھا وزیر اعظم اور گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بنادیں گے، نہیں بنایا، آپ سے بڑا کوئی اور آپ کا دشمن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی میں دس سال سے آپ کی حکومت ہے، کیا لوگوں کو انصاف دیا؟ عمران خان کہتے ہیں کہ جیلوں میں قیدیوں کا کوئی پرسان حال نہیں، آپ چاہتے ہیں کہ جب آپ بولیں تو لوگ آپ کا پرانا بیان بھول جائیں۔
مصطفیٰ کمال کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان کہتے رہے کہ ان کی حکومت امریکا نے ختم کی، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ بہت پاپولر ہیں، سن لیں۔ پاپولر فرعون، یزید بھی تھا، آپ پہلے بھی ناکام ہوئے اب بھی ناکام ہو رہے ہیں۔
پاکستانی کے طور پر ایسا لگ رہا ہے کہ میں نے یہ گھڑی چوری کر لی، توشہ خانہ کے معاملے پر شاہی خاندانوں میں بحث ہو رہی ہے، کاش گھڑی چوری کا واقعہ پیش نہیں آتا۔