پاکستان میں رواں سال مون سون کی شدید بارشوں اور اسکے سیلاب نے ملک کے بیشتر حصوں میں تباہی مچادی۔ پاکستان کا صوبہ سندھ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق سیلاب نے صوبے کے 40 فیصد اسکولوں میں تباہی مچائی ہے، متاثرہ علاقوں میں خیمہ اسکول قائم کئے جارہے ہیں۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق سیلاب سےسندھ کے 5 ہزار619 اسکول مکمل تباہ ہوچکے ہیں، سیلاب نے بارہ ہزار اسکولوں شدید نقصان پہنچایا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ ڈھائی ہزار سے زائد اسکولوں میں ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں جہاں 65 ہزار سے زائد خاندانوں نے پناہ لے رکھی ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق سندھ کے سرکاری اسکولوں کی انرولمنٹ 50 فیصد کم ہونے کا خدشہ ہے، وزیر تعلیم نے فوری طور پر خیمہ اسکول کا منصوبہ پیش کیا ہے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ علاقوں میں تیزی سے خیمہ اسکول قائم کئے جارہے ہیں تاکہ جتنا ممکن ہوسکے بچوں کا تعلیمی نصاب مکمل کیا جاسکے۔