مکہ مکرمہ اور جدہ سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ تیز بارش کے باعث جدہ اور دیگر شہروں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کردیا گیا اور شہریوں سے بلاضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل کی گئی ہے۔
سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق جد میں صبح 8 سےدوپہر 2 بجے تک 179.6 ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی۔ جدہ میں سال 2009 میں 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ سعودی محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہےکہ بارش کا سلسلہ جمعے تک جاری رہ سکتا ہے۔
مکہ مکرمہ اور جدہ سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی تیز بارش سے سڑکوں پر سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی۔ بارش کے باعث ٹریفک جام ہوگیا، پانی مارکیٹوں میں بھی داخل ہوگیا
تیز بارش کے باعث ہنگامی حالت کا نفاذ کیا گیا ہے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے متعدد انڈر پاس احتیاطی تدابیرکے طور پر بند کر دیےگئے ہیں، مکہ مکرمہ کی ضلعی حکومت کے مطابق بارش سے مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب جدہ میں بارش کے باعث فضائی سفر بھی متاثر ہوا ہے اور بعض پروازوں کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے، شدید بارش اور تیز ہوا کے باعث متعدد پروازیں ملتوی کردی گئی ہیں۔
جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ائیرپورٹ نےکہا ہےکہ مسافر ائیرپورٹ آنے سے قبل ائیرلائن انتظامیہ سے رابطہ کرلیں، وزارت حج و عمرہ نے بھی زائرین سےکہا ہےکہ وہ ائیرپورٹ جانے سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال کے بارے میں ائیر لائنز سے رابطہ کریں۔
سعودی پریس ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ پورے دن بارش کی پیش گوئی بارش کے سبب جدہ میں وقتی طور پر اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔
طلبہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ربیغ اور خلیس میں بھی اسکول بند کردیے گئے ہیں جس سے والدین اور بچے دونوں پریشان ہیں کیونکہ اسکولوں میں ان دنوں امتحانات چل رہے ہیں اور ایک دن قبل بھی سعودی عرب کی ورلڈ کپ میں فتح کے سبب عام تعطیل کے اعلان کی وجہ سے اسکول بند کردیے گئے تھے۔