پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز کرکٹر سرفرازاحمد اکیڈمی کرکٹ گراؤنڈ کی زمین کا تنازعہ تاحال حل نہیں ہوسکا۔ تاہم کالج پرنسپل کے وکیل نے توہین عدالت کی درخواست واپس لے لی۔
سندھ ہائی کورٹ میں سرفرازاحمد اکیڈمی کرکٹ گراؤنڈ کی زمین کے تنازعے پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت کالج پرنسپل نے سرفرازاحمد کے خلاف دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست واپس لے لی۔
سندھ ہائی کورٹ کے جج نے سرفرازاحمد اور کالج پرنسپل کے وکلاء سے استفسار کیا کہ فریقین کے درمیان معاملات بہتر ہوئے ؟ کیا آپ لوگوں نے آپس میں مشاورت کی ؟
دونوں فریقین کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ سرفرازاحمد اور کالج انتظامیہ کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ امید ہے جلد تنازعہ حل ہوجائے گا۔
سرفرازاحمد کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کالج کا اپنا مخصوص دروازہ ہے جسے انہوں نے بند کیا ہوا ہے اور کالج آنے والے ساری گاڑیاں اکیڈمی کے گراؤنڈ میں آتی ہیں جسکے باعث گھانس خراب ہورہی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ طالبات کی کالج تک رسائی یا انکی تعلیم میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹسن حسن اظہر رضوی نے سرفرازاحمد اور کالج انتظامیہ کو اکیڈمی گراؤنڈ کے تنازعہ کا آپس میں ہی حل کرنے کیلئے مذید مہلت دے دی۔