پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقریر پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے ردعمل سامنے آگیا۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ دھمکیاں دینے والوں سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی پولیس اپنی ذمہ داریاں تندہی سے جاری رکھے گی اور دھمکیاں دینے یا الزامات لگانے والے کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا چیئرمین پی ٹی آئی کی تقریر پر ردعمل۔
اسلام آباد پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے جاری رکھے گی۔جو بھی شخص دھمکیاں یا الزامات لگائے گا اس کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ اسلام آباد پولیس عوام اور وطن کیلئے اپنے کام کو سنجیدگی سے لیتی ہے۔1/3
— Islamabad Police (@ICT_Police) August 21, 2022
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس عوام اور ملک کے لیے اپنے کام کو سنجیدگی سے لیتی ہے اور ہم ہر حال میں قوم کی خدمت کا حلف اٹھائے ہوئے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ پولیس جوان پوری ذمہ داری سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ہم کسی قسم کی بدنظمی کا مظاہرہ نہیں کر سکتے۔
واضح رہے پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے آئی جی، ڈی آئی جی اسلام آباد اور خاتون مجسٹریٹ کے خلاف کیس کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو نہیں چھوڑیں گے ان پر کیس کریں گے، مجسٹریٹ صاحبہ آپ بھی تیار ہوجائیں آپ کے خلاف بھی کیس کریں گے۔