ملٹی نیشنل کمپنی گلاسکو اسمتھ کلین (جی ایس کے) نے پاکستان میں پیناڈول اور پیناڈول ایکسٹرا ٹیبلٹ جبکہ بچوں کے پیناڈول سیرپ کی پیداوار بند کرنے کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جی ایس کے نے اسٹاک ایکسچینج اور وزیراعظم سیکریٹریٹ کو خط کے ذریعے ادویات کی تیاری بند کرنے کے ساتھ موجودہ صورتحال سے تحریری طور پر آگاہ کردیا۔
کمپنی نے خطوط میں مطالبہ کیا ہے کہ پیناڈول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے، پیناڈول کی تیاری میں استعمال ہونیوالے خام مال کی قیمتوں اضافے کی وجہ سے ادویات کی نئی قیمتوں کا تعین کیا جائے۔
جی ایس کے پاکستان کے جنرل منیجرفرحان ہارون نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ پیناڈول ٹیبلیٹس، پیناڈول ایکسٹرا اور بچوں کے لیے سیرپ بنانا بند کر رہے ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ موجودہ قیمت پر پیناڈول پروڈکٹس بنانا ممکن نہیں رہا، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے پیناڈول کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی، میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ نے اضافہ مسترد کر دیا۔
جی ایس کے پاکستان کے جنرل منیجر نے خط میں لکھا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے نقصان اٹھا کر پیناڈول بنا رہے تھے جو اب ممکن نہیں،حکومت ڈریپ کی منظور شدہ قیمت منظور کرے تو ادویات دوبارہ بنانا شروع کر دیں گے۔