دعا منگی اغواء کیس میں قیدی زوہیب قریشی کے فرارہونےکےمعاملے پرکراچی کی مقامی عدالت نے گرفتار اے ایس آئی خالد سمیت 4 ملزمان کی درخواست ضمانت مستردکردی۔
کراچی میں سٹی کورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں آج دعا منگی اغواء کیس میں قیدی زوہیب قریشی کے فرارسے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے گرفتار اے ایس آئی خالد سمیت 4 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
کیس کا تاحال حتمی چالان بھی عدالت میں جمع نہ ہوسکا۔ تفتیشی افسرنےعدالت کو بتایا کہ موبائل فون فارنزک کے لئے بھیجے کئے جاچکے ہیں۔فارنزک رپورٹ کےبغیرتحقیقات مکمل نہیں ہوسکتی۔ کیس میں اب تک 6 ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں۔
ملزمان میں ہیڈ کانسٹیبل محمد نوید، ہیڈ کانسٹیبل نایاب احمد، ہیڈ کانسٹیبل محمد یونس، کانسٹیبل حبیب ظفر اور عمر فاروق شامل ہیں۔ مدعی مقدمہ اے ایس آئی خالد بھی ملزمان میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 30 نومبر2019 کی رات کراچی میں ڈیفنس بخاری کمرشل کی شاہراہ پر 4 سے 5 افراد نے دعا منگی کو اغوا کرکے اس کے دوست حارث کو گولی مار کر وہیں چھوڑ دیا تھا جس کے بعد اس کی رہائی 20 سے 25 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کے بعد عمل میں آئی تھی۔
ہیڈ کانسٹیبل محمد نوید اور حبیب ظفر ملزم زوہیب علی قریشی کو شاپنگ کیلئے طارق روڈ لے گئے جہاں موقع پا کر ملزم زوہیب ڈالمن مال سے فرار ہوگیا تھا۔