سعودی عرب نے 2 سال کے عرصے کے بعد خانہ کعبہ کے اطراف میں لگیں حفاظتی رکاوٹیں ہٹادیں، جس سے عازمین کو ایک بار پھر خانہ کعبہ کے قریب جانے اور اسے چھونے کی اجازت مل گئی۔
دونوں مقدس مساجد کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السودیس نے خانہ کعبہ کے اطراف سے حفاظتی رکاوٹیں ہٹانے کا اعلان کیا جس کے بعد خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے اس سلسلے میں شاہی حکم جاری کیا۔ یہ اقدام نئے عمرہ سیزن کے آغاز کے ساتھ کیا گیا ہے۔
VIDEO: With tears and excitement the Guests of Rahman touch His House after over 2 years pic.twitter.com/R6CLk1aslA
— Haramain Sharifain (@hsharifain) August 3, 2022
عبدالرحمٰن السودیس نے کہا کہ یہ فیصلہ سعودی قیادت کی جانب سے مسجد الحرام آنے والے عازمین کو محفوظ ماحول میں ان کے مذہبی فرائض کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
پابندی ختم ہونے کے بعد مطاف میں موجود عازمین خانہ کعبہ اور حجراسود کو ایک بار چھوسکتے ہیں۔ حرمین شریفین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی ختم ہونے کے بعد عازمین کے خانہ کعبہ کو چھونے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی گئیں۔
The Mataaf tonight! pic.twitter.com/GiF23Wpwaz
— Haramain Sharifain (@hsharifain) August 2, 2022
واضح رہے 2020 میں کورونا وائرس کے پیش نظر مطاف میں رکاوٹیں لگادی گئی تھیں تاکہ عازمین خانہ کعبہ اور حجراسود چھو یا بوسہ نہ دے سکیں۔ اس اقدام کا مقصد عازمین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا تھا۔
کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے کے بعد تمام مطاف سے تمام رکاوٹیں ہٹادی گئی ہیں۔ مطاف خانہ کعبہ کے اطراف کا وہ حصہ ہے جہاں طواف کیا جاتا ہے۔