وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کم آمدنی والے افراد کے لیے نئی ہاؤسنگ اسکیم، کسان پیکج کے تحت الیکٹرک ٹیوب ویل کے بنیادی ٹیرف میں کمی اور الیکشن کمیشن کے لیے 15 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے ای سی سی کے اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری کے علاوہ کے الیکٹرک کے لیے یکساں ٹیرف کی سمری کی بھی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے فنانس ڈویژن کو باضابطہ طور پرکم آمدنی والے افراد کے لیے نئی ہاؤسنگ اسکیم شروع کرنے کی اجازت دی، منصوبے کے لیے عالمی بینک سے 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم حاصل کی جائے گی تاکہ ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والے اداروں کو رسک کور فراہم کیا جاسکے۔
سمری کے مطابق بنیادی قرض دہندگان شہریوں کو کم شرح سود پر درمیانی اور طویل مدت کے لیے سرمایہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی لمیٹڈ (پی ایم آر سی) کو حکومت پاکستان اور کمرشل بینکوں کے جوائنٹ وینچر کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔
اجلاس میں کسان پیکج کے تحت یکم نومبر سے بجلی کے ٹیوب ویل کے بنیادی ٹیرف میں 3 روپے 60 پیسے کم کرکے ٹیرف کو 13 روپے کلوواٹ آور (کے ڈبلیو ایچ) کردیا گیا، کمی کا مقصد کسانوں کو سیلاب اور شدید بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کرنا ہے۔
الیکشن کمیشن کے لیے رواں مالی سال کے لیے منظور شدہ رقم میں سے 5 ارب روپے فوری طور پر جاری کیے جائیں گے جب کہ باقی رقم قسطوں میں ادا کی جائے گی۔
سیلاب سے متعلق میڈیا کوریج کے لیے ضمنی گرانٹ کے طور پر 2 ارب روپے کی بھی منظوری دی گئی، یہ رقم حکومتی اقدامات، پروگرامز اور منصوبوں سے متعلق آگاہی کے لیے جامع میڈیا مہم شروع کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔