حکومت نے ملک بھر میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہنا ہے عوام اور تاجر برادری کی درخواست پر ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔
حکومت کی ایک ماہ کی توسیع کے بعد اب ٹیکس گوشوارے 31 اکتوبر تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی تھی۔
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بہت سے لوگوں نے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی تھی جبکہ تاجر برادری نے بھی توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عوام اور تاجروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کررہے ہیں۔ عوام اب 31 اکتوبر تک انکم ٹیکس ریٹرن جمع کراسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ گوشوارے جمع کرانے کیلئے سسٹم پر بہت لوڈ ہے۔ پہلے کوارٹر میں 84 ارب روپے کے ری فنڈز دیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر دی گئی تھی اور ایف بی آر نےاس میں توسیع نہ کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
تاجر کمیونٹی کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ملک کے بیشتر حصوں بالخصوص سندھ میں سیلاب کے باعث کاروبار متاثر ہوا جسکے باعث تاجروں نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا جسے منظور کرلیا گیا ہے۔