حکومت کا کراچی اور لاہور میں پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان

وفاقی حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے کراچی اور لاہور میں کم از کم ایک پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کر دیا۔ پاسپورٹ آفس اتوار کے روز بھی کھلے گا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی میں کم از کم ایک پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے  کھلا رہے گا۔ اس سے شہریوں کو پاسپورٹ آفس کی سہولیات تک رسائی آسان اور ممکن ہو گی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ ہفتے پاسپورٹ دفاتر کا دورہ کیا تھا، دورے کے دوران شہریوں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا۔

گزشتہ روز وزرات خزانہ نے بھی پاسپورٹ کا موجودہ بیک لاگ ختم کرنے کے لیے فنڈز جاری کئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت 8 لاکھ سے زیادہ پاسپورٹ کی پرنٹنگ التوا کا شکار ہے،تاہم پاسپورٹ مشینری اور لیمینیشن پیپر کی خریداری مکمل ہوتے ہی یہ بیک لاگ ختم ہوجائے گا۔

پرنٹنگ مشینز اور ای پاسپورٹ مشینز کی خریداری اور چھپائی میں استعمال ہونے والے لیمینیشن پیپرز کے ٹینڈرز کا انٹرنیشنل اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ یومیہ 20سے 25ہزار پاسپورٹ کی پرنٹنگ کی جارہی ہے جبکہ یومیہ بنیادوں پر پاسپورٹ اجرا کی 40 سے 45 ہزار درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts