جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم اپنے پہلے دورہ پاکستان کے لیے کراچی پہنچ گئی ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔
جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں اور مینجمنٹ ارکان کا کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ جنوبی افریقا ویمنز ٹیم کااستقبال ویمنز ونگ کی سربراہ تانیہ ملک اور جنرل مینیجرعائشہ اشعر نےکیا کراچی پہنچنے والے کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے بھی پیش کیے گئے۔
کراچی پہنچنے والے جنوبی افریقی اسکواڈ میں کھلاڑی، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ شامل ہے، کپتان لورا وولوارڈٹ، ماریزان کیپ اور نادین ڈی کلرک 29 اگست کو کراچی پہنچیں گی۔ ٹیم فزیو تھراپسٹ مولبتسی فیلانے بھی 29 اگست کو پہنچیں گے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز یکم ستمبر سے کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 8، 11، اور 14 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے 20 روزہ دورہ مکمل کرکے افریقی خواتین کرکٹرز 15 ستمبر کو وطن واپس روانہ ہوں گی۔