بھارت کے وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔ وزیرکھیل کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہونے تک باہمی سیریز نہیں ہوسکتی۔
بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو میں وزیرکھیل اور سابق بی سی سی آئی سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے صاف الفاظ میں بتایا کہ بی سی سی آئی نے بہت پہلے یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک سرحدی تعلقات ٹھیک نہیں ہوتے۔
انوراگ ٹھاکر نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ اس ملک کے ہرعام شہری کا جذبہ ہے۔
#WATCH | Union Sports Minister Anurag Thakur says, “BCCI had decided much earlier that we would not play bilateral matches with Pakistan until they put an end to terrorism, cross-border attacks and infiltration…I think the sentiments of the country and of the public are also… pic.twitter.com/Q7jsmi9ctC
— ANI (@ANI) September 15, 2023
واضح رہے پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوطرفہ کرکٹ کے تعلقات برسوں سے معطل ہیں۔ بھارت نے آخری مرتبہ 2006 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جبکہ پاکستانی ٹیم آخری مرتبہ 2012 میں سیریز کھیلنے کیلئے بھارت گئی تھی۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں صرف آئی سی سی اور ایشیا کپ کے ٹورنامنٹ میں ایک دوسرے کے ساتھ کھیلتی ہیں۔