برازیل کے عظیم فٹبالر پیلےکی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اور کیمو تھراپی کے متوقع نتائج نہ آنے پر انہیں خصوصی نگہداشت (پیلیٹو کیئر) کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 82 سالہ عظیم فٹبالر کو کینسر کے دوبارہ علاج کے لیے برازیل کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ پیلے بڑی آنت کے کینسر کے عارضے میں مبتلا ہیں۔
برطانوی میڈیا نے برازیلی اخبار کے حوالے سے بتایا ہےکہ بڑی آنت کےکینسر میں مبتلا پیلے کی کیمیو تھراپی کی جارہی تھی تاہم نتائج نہ ملنے پر ان کی کیمیو تھراپی روک دی گئی ہے اور اب انہیں ‘زندگی کی اختتامی نگہداشت’ فراہم کی جارہی ہے۔
میڈٰیا رپورٹس کے مطابق لیجنڈری برازیلین فٹبالر پیلے کو درد سے نجات اور سانس لینے میں مشکلات جیسے مسائل کا علاج فراہم کیا جارہا ہے۔
برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو کے البرٹ آئن اسٹائن اسپتال نے پیلے کی صحت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی رپورٹ کی تصدیق کرنے سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے آفیشل بیان جاری کریں گے۔
دنیا بھر میں مداحوں نے پیلے کی صحتیابی کیلئے دعا کی اور انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ فٹبال ورلڈکپ کھیلنے والے کئی نامور فٹبالرز نے بھی اپنے سوشل میڈٰیا پر پیغامات میں پیلے کی صحتیابی کیلئے دعا کی اور عوام سے بھی دعا کی اپیل کی۔
فٹبال ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کرنے والے ملک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فٹبال اسٹیڈیم کے ٹاور کو پیلے کی صحت یابی کے نیک تمنا والے پیغام سے مزین کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا کے عظیم ترین فٹبالر سمجھے جانے والے پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جو تین ورلڈ کپ 1958، 1962 اور 1970 جیت چکے ہیں۔ ستمبر 2021 میں ان میں بڑی آنت کا کینسر تشخیص کیا گیا تھا جس کے بعد وہ کئی روز اسپتال میں زیر علاج رہے تھے۔