سندھ ہائی کورٹ میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی کے الیکٹرک کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کے الیکٹرک اور نیپرا کو نوٹس جاری کردیئے۔
سندھ ہائیکورٹ نے فیول چارجز اور ٹیکس کی مد میں بھاری چارجز کی وصولی سے متعلق حافظ نعیم الرحمان کی درخواست پر نیپرا اور کے الیکٹرک کو نوٹس جاری کئے۔
جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو فیول چارجز اور ٹیکس کی مد میں بھاری چارجز کی وصولی سے متعلق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی کے الیکٹرک کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ کے الیکٹرک کو اوور بلنگ اور فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی وصولی سے روکا جائے۔
بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس، ٹی وی لائسنس فیس اور دیگر چارجز وصول کرنے سے روکا جائے۔ کے الیکٹرک کے اکاونٹس کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔
عدالت نے نیپرا اور کے الیکٹرک کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ کے الیکٹرک کو غیر قانونی بالخصوص رات کے اوقات بجلی کی بندش سے روکا جائے۔
وفاق سے معاہدے کے مطابق کے الیکٹرک کو اپنی بجلی پیدا کرنے کا حکم دیا جائے۔ بجلی کی پیداوار اور استعداد بڑھانے کے لیے اقدامات کا حکم دیا جائے۔