قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں ضمنی انتخابات اتوار 21 اگست کو ہوں گے، جسکے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ای سی پی کی جانب سے انتخابات کیلئے پولنگ اسکیم بھی جاری کردی گئی۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 15 ہزار تین شہری حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ رجسٹرڈ ووٹرز میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار 987 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار 16 ہے۔
این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 263 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جس میں سے 203 کو انتہائی حساس اور 60 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ایک بھی پولنگ اسٹیشن کو نارمل قرار نہیں دیا گیا۔
ضمنی انتخاب کے لئے مختص کئے گئے پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر 916 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جس میں سے 458 مرد اور 458 خواتین کے لئے ہیں۔
حلقے میں نشتر بستی، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، جہانگیر روڈ، مارٹن کوارٹرز، کلیٹن کوارٹرز، پی سی سی ایچ ایس، طارق روڈ شامل ہیں۔
خدا داد کالونی، لائنز ایریا، جٹ لائن، بزرٹا لائن، اے بی سینیالائن، سولجر بازار، پٹیل پاڑہ، گارڈن ایسٹ، نیو ٹاؤن، لسبیلہ چوک، پاکستان کوارٹرز جیسے اہم علاقے بھی حلقہ 245 میں شامل ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کی سیٹ معروف اینکر اور سیاستدان عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر ضمنی انتخابات کرائے جارہے ہیں۔