آئی ایم ایف سے قرض کی رقم ملنے کے باوجود روپے کی بے قدری نہ رک سکی۔ کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ انٹربینک میں آج ڈالر 4 روپے سے زائد مہنگا ہوچکا ہے۔
انٹربینک میں آج کاروبار کے آغاز سے ہی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہونے لگا۔ ڈالر کی قیمت میں 4 روپے 8 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جسکے بعد انٹربینک میں ایک ڈالر 229 روپے 50 پیسے میں ٹریڈ ہورہا ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر بے قابو ہوگیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی 237 روپے سے بھی زائد فروخت ہورہا ہے۔ امپورٹرز کے مطابق گزشتہ 4 دنوں سے بینکوں سے ڈالر کی سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے جسکے باعث ڈالر مہنگا ہورہا ہے۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو 1 ارب 16 کروڑ ڈالر قرض کی رقم ملی تھی جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ اس سے روپے کی گرتی قدر کو سہارا ملے گا لیکن ایسا نہ ہوسکا اور ڈالر کو لگام نہ دی جاسکی۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مندی دیکھی جاری ہے اور آج کاربار کا منفی دن رہا ہے۔