وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے یوم اساتذہ پر دئے گئے پیغام میں کہا ہے کہ تمام اساتذہ تعلیم کو بہتر سے بہتر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کا عالمی دن منانے کا مقصد استاد کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ہمارے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں اگر استاد اپنا تعلیم میں بھرپور کردار ادا کریں، سندھ کو اگر کسی چیز کی ضرورت ہے تو وہ ایک بہترین استاد ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ تمام اساتذہ کو اپیل کروں گا کہ سندھ میں تعلیم کو بہتر سے بہتر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں اللہ تعالیٰ بشر کو آسمان سے زمین پر لاتا ہے لیکن استاد اسے زمین سے آسمان تک پہنچاتا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ’ورلڈ ٹیچرز ڈے‘ منایا جارہا ہے۔ ہر سال 5 اکتوبر کو اساتذہ کا بین الاقوامی دن منایا جاتا ہے، جس میں اساتذہ کی انتھک محنت اور لگن کو سراہا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ 5 اکتوبر 1994ء کو پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے زیر اہتمام اساتذہ کا عالمی دن منایا گیا تھا جس کے بعد یہ ہر سال باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔