سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور پی ڈیم ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر رہنماؤں پر اداروں کے خلاف بیانات دینے کے الزام میں مقدمات درج کرلئے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ڈیرہ اسماعیل خان منیر احمد کی مدعیت میں تھانہ چھاؤنی میں پاکستان پینل کوڈ کے تحت مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔
مقدمات میں سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، پی ڈیم ایم اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدرحسین کو نامزد کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف پنجاب کے ضلع گجرات میں عدلیہ کو دھمکانے پر بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران لاہور، پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے تھانوں میں وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز سمیت مذکورہ بالا مقدمات میں نامزد سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات کے اندارج کیلیے درخواستیں جمع کرائی جاچکی ہیں۔