Search
Close this search box.
Uncategorized @ur

آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزامات کے کیس میں شیخ رشید کی ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں گرفتار سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

شیخ رشید پر تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج ہے، شیخ رشید کو 2 فروری کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا، شیخ رشید اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی نے شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر عدالت نے استفسار کیا کہ شیخ رشید نے الزام کیا لگایا ہے ؟ کسی نیوز چینلز پر بیان ہے ؟ شیخ رشید کے وکیل بیرسٹر سلمان اکرم راجہنے جواب دیا کہ جی انہوں نے ایک بیان دیا جو نیوز چینلز پر نشر ہوا۔

وکیل نے شیخ رشید کے خلاف الزامات کی تفصیلات عدالت کو بتائیں، شواہد میں ایسا کچھ نہیں ہے کہ بیان سے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان کوئی تصادم ہوا۔

اس کے ساتھ سلمان اکرم راجا کے دلائل مکمل ہو گئے جس کے بعد ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید ایک سینئر سیاستدان ہیں، ان کی گفتگو پارلیمانی ہونی چاہیے، جو حکومت میں ہیں وہ کل اپوزیشن میں ہوں گے ۔

اس دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ سب ایک ہی قسم کی گفتگو کرتے ہیں، سب پارلیمانی ہے، جس پر عدالت میں قہقہے لگے، جہانگیر جدون نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے استدلال کیا کہ شیخ رشید نے وزیر داخلہ اور بلاول بھٹو کو ننگی گالیاں دیں۔

سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اپنایا کہ یہ کیس ہی نہیں ہے جو ایڈووکیٹ جنرل بیان کررہے ہیں، اس موقع پر تفتیشی افسر نے کہا کہ شیخ رشید کی بیان کی تفصیلات پیمرا سے حاصل کی گئیں، شیخ رشید نے بیان دیا کہ انہوں نے عمران خان سے یہ انفارمیشن لی۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ آصف زرداری کی عمران خان کے خلاف مبینہ سازش کے شواہد شیخ رشید سے نہیں ملے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ اگر تو یہ جرم نہیں دہراتے اور انڈرٹیکنگ دیتے ہیں تو عدالت دیکھ لے جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ ہمیں پرائمری اسکول کے نصاب سے ہی تربیت شروع کرنی پڑے گی۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعد ازاں محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر داخلہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت عالیہ کی جانب سے شیخ رشید کی درخواست ضمانت کو منظور کرتے ہوئے انہیں 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

جواب دیں

Subscribe To Our Mailing List

Get the news right tn your inbox

Subscription Form Footer Style-2

کمپنی کے بارے میں

مقبول زمرے

فوری رابطے

X

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں